بنگلورو،6؍اگست(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہا ہے کہ ریاست کے سرحدی علاقوں بشمول کولار، چکبالاپور، بنگلور رورل وغیرہ میں پانی کی سربراہی کے لئے زیر تعمیر یتینا ہولے آب پاشی پراجکٹ کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ یتنا ہولے پراجکٹ پر پیش رفت کا آج ودھا ن سودھا میں جائزہ لینے کے بعد وزیراعلیٰ نے کہاکہ اب تک اس کام کی پیش رفت سے وہ مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس پراجکٹ کے تحت سرحدی کرناٹک کے علاقوں میں زیر زمین پانی کی سطح کو بلند کرنے اور پانی کے ذرائع مہیا کرانے پر کام ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس پورے منصوبے پر تیرہ ہزار کروڑ روپیوں کا خرچ آرہا ہے جس کے لئے حکومت کی طرف سے وقتاً فوقتاً فنڈز کی فراہمی جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ فنڈز کی فراہمی کے باوجود وہ یہ اعتراف کرناچاہیں گے کہ جس رفتار سے کام ہونا چاہئے وہ نہیں ہوپارہا ہے۔قانونی ڈھنگ سے اس پراجکٹ میں جو بھی رکاوٹیں ہیں ان کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس موقع پر اسمبلی اسپیکر رمیش کمار ، وزیر زراعت این ایچ شیوشنکر ریڈی اور وزیر دیہی ترقیات وپنچایت راج کرشنا بائرے گوڈا موجود تھے۔